ایم کیوایم کا ماورائے عدالت قتل، خیسورمیں خواتین کی بے حرمتی اورعالم زیب محسود اور دیگرپشتون ہمدردوں کی گرفتاریوں کے خلاف پشتون تحفظ موومنٹ کے پر امن احتجاجی مظاہروں کی مکمل حمایت کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بے گناہ افرادکے ماورائے عدالت قتل، خیسورشمالی وزیرستان میں خواتین کی بے حرمتی اور عالم زیب محسود اور دیگر پشتون ہمدردوں کی غیرقانونی گرفتاریوں اور سرکاری عقوبت خانوں میں ان پر کئے جانے والے تشدد کے خلاف کل بروز بدھ کو کراچی اور ملک بھر میں پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے کئے جانے والے پر امن احتجاجی مظاہروں کی مکمل حمایت کی ہے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت ملک بھر میں رہنے والے مظلوم عوام کے ہمدرد و فاپرستوں خصوصاً کراچی کے حق پرست عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جن جن شہروں میں موجود ہیں وہاں اپنے پشتون بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے PTM کے پرامن احتجاجی مظاہروں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کر کے انہیں کامیاب بنائیں ۔رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کے سرگرم رکن عالم زیب محسود اور دیگر تمام گرفتارشدگان کو فی الفور رہا کیا جائے اور مہاجروں، پشتونوں، بلوچوں اور دیگر تمام مظلوم قوموں کے خلاف ریاستی مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے ۔دریں اثناء کراچی میں اس سلسلے کا مظاہرہ بدھ کو سہ پہر3 بجے کراچی پریس کلب پر کیا جارہا ہے ۔