ایم کیوایم کا 34 واں یوم تاسیس مہاجروں اور تمام مظلوم عوام کو حقوق کی جدوجہد میں ایک نئی راہ دکھائے گا ۔ ڈاکٹر ندیم احسان

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹرندیم احسان نے کہا ہے کہ جولوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ایم کیوایم ختم ہوگئی ہے وہ خود فریبی کاشکار ہیں،ایم کیوایم آج بھی کروڑوں مہاجروں کے دل کی آواز ہے اور قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں ایک دن اپنی منزل پر ضرور پہنچے گی۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم ساؤتھ لندن یونٹ کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزرہاشم اعظم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے 18مارچ 1984ء کوایم کیوایم کی شکل میں مہاجروں کے حقوق کے لئے ایک ایسی تحریک کو جنم دیا جس نے برسوں سے محرومی کا شکار مہاجروں کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے عملی جدوجہد کرنے اورسراٹھا کرجینے کا سبق دیا۔ ایم کیوایم نے ہی قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب ومتوسط طبقہ کی قیادت کوجنم دیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے سندھ کے شہری علاقوں میں غریب ومتوسط طبقہ کا انقلاب برپا کیا اسی لئے اسٹیٹس کو کی قوتوں نے اسے ختم کرنے کے لئے ریاستی مظالم کے پہاڑ توڑے جس کاسلسلہ آج بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی مظالم سے لوگوں کو وقتی طورپرخاموش تو کیا جاسکتا ہے لیکن ان کے دلوں سے قائد تحریک الطا ف حسین کی محبت اور وابستگی کوختم نہیں کیا جاسکتا۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہا کہ جو قوتیں یہ سمجھ رہی ہیں کہ ایم کیوایم تحلیل یاختم ہوگئی ہے وہ شدید قسم کی غلط فہمی اورخود فریبی کا شکارہیں، ایم کیوایم قائد تحریک الطا ف حسین کی قیادت میں آج بھی موجود ہے اور وہ دشمنوں کی تمام تر سازشوں کے باوجود اپنی جدوجہدجاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا 34 واں یوم تاسیس مہاجروں اورتمام مظلوم عوام کوحقوق کی جدوجہد میں ایک نئی راہ دکھائے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ یوم تاسیس کے سلسلے میں ہفتہ 17مارچ کولندن میں ہونے والے اجتماع کے سلسلے میں اپنی تیاریاں جاری رکھیں اورزیادہ سے زیادہ لوگوں تک تحریک کا پیغام پہنچائیں۔ اس موقع پر ایم کیویم ساؤتھ لندن کے انچارج رضوان الدین اورجوائنٹ انچارج رضا جعفری نے یوم تاسیس کے سلسلے میں رابطوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر تحریک کے شہیدوں کے لئے دعا بھی کی گئی ۔