ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کل بروز اتوار لندن میں یوم تجدیدوفا کے اجتماع سے خطاب کریں گے

ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین کل بروز اتوار لندن میں’’ یوم تجدید وفا ‘‘ کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اتوار کو یوم تجدید عہدوفا جناب الطاف حسین کی 65ویں سالگرہ کی مناسبت سے منایاجا رہا ہے۔ اس سلسلے میں منعقد کئے جانے والے اجتماع کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ یہ اجتماع لندن کے علاقے ایجویئرمیں واقع ’’وی آئی پی لاؤنج ‘‘ میں لندن کے مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے ہوگا۔ اجتماع کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ روز انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں ایم کیوایم کے کنوینر ڈاکٹرندیم احسان کی زیرصدارت یوکے کے تمام یونٹوں کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یوکے کے ذمہ داران نے اتوار7 اکتوبر کو ہونے والے’’ یوم تجدید وفا‘‘ کے دعوت ناموں کی تقسیم ، کارکنان و ہمدردوں سے رابطوں اور دیگرتیاریوں کے حوالے سے اپنی اپنی رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پراجتماع کے انعقاد کے انتظامات کو بہتر اور مؤثر بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔تمام ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یوم تجدید وفا کے اجتماع کو کامیاب اور یادگار بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کارلائیں گے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ یوم تجدیدوفا کے اجتماع کی کارروائی سوشل میڈیا پر دنیا بھرمیں براہ راست نشرکی جائے گی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ڈاکٹرندیم احسان نے کہا کہ 7 اکتوبر کے اجتماع کے انعقاد کے سلسلے میں کارکنوں کی محنت ولگن اور جانفشانی قابل تحسین ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 7 اکتوبرکو ہونے والا اجتماع شاندار ہوگا اور کارکنان وعوام ایک بار پھر تحریک اور قوم کے دشمنوں پر یہ حقیقت ثابت کردیں گے کہ کوئی بھی ریاستی جبر اور پروپیگنڈہ انہیں قائد تحریک الطاف حسین سے دورنہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین ہی مہاجرقوم کی آخری امید ہیں اور ان کی قیادت ہی مہاجروں کوان کے حقوق کی جدوجہد کی منزل پر پہنچا سکتی ہے ۔