ایم کیوایم کے 34ویں یوم تاسیس کے اجتماع میں دنیابھر سے ممتاز علمی وادبی شخصیات، پروفیسر، دانشور، کالم نگار ، بلاگرز،اینکرزاورصحافتی شخصیات شرکت کریں گی

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 17مارچ کو لندن میں ہونے والے ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کے اجتماع میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے ممتاز علمی وادبی شخصیات، پروفیسر، دانشور، کالم نگار ، بلاگرز، اینکرز اور صحافتی شخصیات بھی تشریف لارہی ہیں۔ ایم کیوایم اوورسیز یونٹوں کے کارکنان اور یوکے یونٹ کا ایک ایک کارکن یوم تاسیس کے پروگرام کو تاریخی اور یادگار بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ یوم تاسیس کے اجتماع کے سلسلے میں لندن کے علاقے ایجویئر میں واقع ہال وی آئی پی لاؤنج کی بکنگ ہوچکی ہے ،مہمانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ہال میں مزید جگہ کابھی انتظام کیا جارہاہے ۔ رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ اجتماع میں شرکت کارڈ کے ذریعے ہوگی لہٰذا اجتماع میں شرکت کے خواہشمند حضرات اب بھی دعوت نامے حاصل کرسکتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہوکہ دعوت نامے حاصل نہ کرنے پر وہ یوم تاسیس کے اجتماع میں شرکت سے محروم رہ جائیں۔