ایم کیوایم کے 34ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایم کیوایم یوکے کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں

ایم کیوایم کے 34ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایم کیوایم یوکے کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں ۔یوم تاسیس کے سلسلے میں لندن میں ہفتہ 17مارچ کو مرکزی اجتماع ہوگا جس سے ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین خطاب کریں گے۔ یوم تاسیس کے مرکزی اجتماع کی تیاریوں کے سلسلے میں ایم کیوایم یوکے کے چیپٹرز کے کارکنان لندن اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں دعوت نامے تقسیم کرنے میں مصروف ہیں اورہمدردوں کے پاس جاکر انہیں پروگرام میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کارکنوں کے اجلاسوں کا انعقاد بھی جاری ہے ۔ اس سلسلے میں یوکے کے دیگر چیپٹرز کی طرح ویسٹ لندن چیپٹرکے کارکنوں کاایک اجلاس ساؤتھ آل میں ہوامنعقد کیا گیا۔ اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد سلیم ، یوکے کے جوائنٹ آرگنائزرسہیل خانزادہ ،آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن محمد راشد اورچیپٹرکے ذمہ داران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے برسوں سے اپنے حقوق سے محروم ومظلوم مہاجروں کوشناخت دی اورانہیں متحد کرکے اپنے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے کی راہ دکھائی۔ مہاجر دشمن قوتوں نے ایم کیوایم کو ختم کرنے کی بہت کوششیں کیں لیکن اس تحریک کو ختم نہیں کیا جاسکا۔ اس تحریک کی جدوجہد میں ہزاروں کارکنوں کو شہید کیا گیا ، ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا،جن میں سے سینکڑوں آج بھی لاپتہ ہیں۔ قائد تحریک الطاف حسین کے حوصلوں کو توڑنے کے لئے ان کے بڑے بھائی ناصر حسین اور بھتیجے عارف حسین تک کو گرفتار کرکے بیدردی سے شہید کردیا گیا لیکن قائد تحریک الطاف حسین نے جدوجہد ترک نہیں کی اور وہ قوم کے حقو ق کیلئے آج بھی رات دن جدوجہد کررہے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے مہاجروں کی طاقت کو کمزور کرنے کے لئے حقیقی دہشت گردوں کے بعد پی ایس پی ، پی آئی بی اوربہادرآباد ٹولہ تشکیل دیا لیکن مہاجرعوام ان سازشوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور وہ صرف اور صرف قائد تحریک الطاف حسین کو ہی اپنارہبر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار کھیں اور یوم تاسیس کو شاندار بنانے کے لئے اپنی تیاریاں جاری رکھیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جوائنٹ آرگنائزر سہیل خانزادہ نے کہا کہ تمام ترنامساعد حالات کے باوجود یوکے یونٹ کے کارکنان ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کی تیاریوں میں جوش و جذبے کے ساتھ مصروف ہیں ، وہ گھر گھر جاکر ہمدردوں کو یوم تاسیس کا پیغام پہنچا رہے ہیں اورانشاء اللہ 17مارچ کو 34ویں یوم تاسیس کا اجتماع شاندار اور یادگار ہوگا۔ اس موقع پر شہید و فا ڈاکٹرحسن ظفر عارف سمیت تحریک کے تمام شہیدوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اوران کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔