ایم کیوایم یوکے ویسٹ لندن چیٹپر کے زیراہتمام ساؤتھ ہال میں منعقدہ دعوت افطار

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر سلیم دانش نے کہا ہے کہ جس الیکشن میں ہمیں اپنی پارٹی اور قائد کا نام لینے تک پر پابندی ہے اور ہمارے ہاتھ پاؤں بابندھ دیے گئے اور ہم پر ہر طرح کی پابندیاں ہوں، ہم ایسے الیکشن کو نہیں مانتے اور ہم ایسے جعلی اور جھرلو الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایم کیوایم یوکے ویسٹ لندن چیٹپر کے زیر اہتمام ساؤتھ ہال میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم دانش نے کہا کہ مہاجروں نے پاکستان بنایا اور اس کے قیام کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ چھوڑ کر ہجرت کی لیکن پاکستان میں مہاجروں کے ساتھ ہی غیروں اور دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ، مہاجروں کے متفقہ قائد جناب الطاف حسین کی تقریر اور میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ایم کیوایم کے کارکنوں سمیت 22 ہزار مہاجروں کو پولیس رینجرز اور سیکوریٹی فورسز اور ان کے ایجنٹوں کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا، ہزاروں نوجوان جیلوں میں بند ہیں، سینکڑوں لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے زیادہ ریاستی مظالم اس وقت کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں مہاجروں پر ڈھائے جارہے ہیں اور کوئی بھی مہاجروں کو انصاف فراہم کرنے والا نہیں ہے، ایسی صورت میں ہم الیکشن میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں۔ اس موقع پر حاظرین نے ’’ بائیکاٹ، بائیکاٹ۔۔۔الیکشن کا بائیکاٹ ‘‘ کے زور دار نعرے لگائے۔ ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ 25 جولائی کو الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہونے جارہا ہے، ہمیں یہ سلیکشن کسی بھی قیمت پر منظور نہیں ہے ، ہم اپنے حقوق اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں فخر ہے کہ ہم مہاجر ہیں اور پاکستان کی تمام لسانی اکائیوں کو مہاجروں کے وجود کو بھی تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ظلم ہے کہ پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں دینے کے باوجود ہمیں آج تک پاکستانی نہیں سمجھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ صوبہ مہاجروں کا مقدرہے اور اس کے بغیر اب کوئی بھی بات نہیں ہوگی۔ ایم کیوایم یوکے کے جوائنٹ آرگنائزر سہیل خانزادہ نے کہا کہ مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں میں بھی بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئی ہیں اور پوری کوشش کی گئی ہے کہ مہاجروں کی نمائندگی اسمبلیوں میں نہ ہوسکے، ہم اس زیادتی کو قبول نہیں کرتے۔اس موقع پر ایم کیوایم یوکے کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن محسن خان اور چیپٹر آرگنائزر محبوب الٰہی نے بھی خطاب کیا۔