ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام بریڈفورڈ میں دعوت افطار

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضانے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہے، اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھانے والوں کو کچلا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام بریڈفورڈ میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بریڈفورڈ چیپٹر کے زیراہتمام ہونے والی یہ دعوت افطار مقامی کمیونٹی سینٹرمیں منعقد کی گئی جس میں مہاجروں کے ساتھ ساتھ بریڈفورڈ میں آباد کشمیریوں، پنجابی اور پختونوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ قاسم علی رضا نے کہا کہ پاکستان کا آئین شہریوں کو مساوی حقوق دینے کی بات کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ شہریوں کی بنیادی حقوق سے محرومی ہے ،جومہاجر، پشتون، بلوچ ، سندھی ، گلگتی ، بلتستانی ، ہزارے وال اپنے حقو ق کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں ان کی آواز سننے کے بجائے انہیں طاقت سے کچلا جارہا ہے، انہیں ریاستی مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے،انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے کارکنوں اور بلاگرز تک کو نہیں بخشا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات میں حصول علم اور علم بانٹنے والوں کی بہت اہمیت ہے لیکن ایم کیوایم کے رہنما پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفر عارف جو ایک بڑے معلم، بڑے پروفیسر اور دانشور تھے، جنہوں نے برسوں تک ہزاروں طلبہ کو تعلیم دی انہیں صرف اس جرم میں تشدد کر کے سفاکی سے شہید کردیا کہ وہ ایم کیوایم میں شامل ہوئے اور انہوں نے حقوق ، انصاف اور مساوات کی بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف زندہ باد کے نعرے لگا کر ملک کو مضبوط نہیں بنایا جاسکتا، ملک اسی صورت میں مضبوط ہوتے ہیں جب ملک میں آباد تمام اکائیوں کو مساوی حقوق دیے جائیں۔ ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہاجروں نے پاکستان بنایا اور اس کے قیام کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ چھوڑ کر ہجرت کی لیکن پاکستان میں مہاجروں کے ساتھ ہمیشہ غیروں اور دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا گیا اور آج بھی کیا جارہا ہے ، ہر دور میں ہمارا قتل عام کیا گیا، آج بھی ریاستی مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، مہاجروں کے متفقہ قائد جناب الطاف حسین کی تقریر اور میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ایم کیوایم کے کارکنوں سمیت 22 ہزار مہاجروں کو پولیس رینجرز اور سیکوریٹی فورسز اور ان کے ایجنٹوں کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا،ہزاروں نوجوان جیلوں میں بند ہیں، سینکڑوں لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چند جاگیرداروں، وڈیروں اور جرنیلوں کی جاگیر نہیں بلکہ اس پر بانیان پاکستان کا حق ہے ۔ایم کیوایم یوکے کے آرگنائرز ہاشم اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہم پاکستان کے جغرافیہ میں رہتے ہوئے اپنے حقوق چاہتے ہیں لیکن پاکستان میں سیاسی آزادیاں سلب کی جارہی ہیں،ہمارے ہاتھ پاؤں بابندھ دیے گئے ہیں، ایسی صورت میں ہونے والے الیکشن منصفانہ نہیں ہوسکتے، اسلئے ہم ایسے الیکشن کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ تقریب سے ایم کیوایم یوکے کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن محسن سعید اور ایم کیوایم بریڈفورڈ چیپٹرکے انچارج واصف نے بھی خطاب کیا۔