ایم کیوایم یوکے کے زیر اہتمام اتوار 13مئی کولندن میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پراحتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا

ایم کیوایم کے خلاف جاری ظالمانہ آپریشن ، مہاجروں بالخصوص ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں ،گرفتاریوں اور ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں اورقائد تحریک الطاف حسین کی میڈیا کوریج پر عائد غیرقانونی پابندیوں کے خلاف ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام اتوار 13 مئی کولندن میں 10ڈاؤننگ اسٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔ برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ کے سامنے یہ احتجاجی مظاہرہ اتوار کو دوپہر ایک بجے کیا جائے گا جس کے لئے میٹرو پولیٹن پولیس سے اجازت حاصل کرلی گئی ہے ۔ اس موقع پر برطانیہ کے وزیراعظم کے نام ایک عرضداشت بھی پیش کی جائے گی۔ دریں اثناء ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم اورآرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے یوکے یونٹ کے تمام کارکنوں اور ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپورتعدادمیں شرکت کریں اورپاکستان میں مہاجروں پر ڈھائے جانے والے مظالم پراپنی آواز کو دنیا کے جمہوری ایوانوں تک پہنچانے کے لئے بھر پور کاوشیں کریں۔