تجاوزات کے خلاف کارروائی کی آڑ میں کراچی کی مارکیٹوں ،دکانوں اور گھروں کو مسمار کر نا عوام کامعاشی قتل ہے ۔الطاف حسین

ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین نے ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کی آڑ میں کراچی کے اردو بازار اور دیگر مارکیٹوں ،دکانوں اور گھروں کو مسمار کرنے کے اقدام کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ اہل کراچی کا کھلا معاشی قتل ہے جواب ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ پہلے مہاجروں کی جان ومال سے کھیلا جاتا تھا،ان جسمانی قتل کیا جاتا تھا لیکن اب ان کا معاشی قتل بھی کیا جارہا ہے اور ان کا اور انکے بچوں کا مستقبل تباہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی میں ناجائزتجاوزات کے خاتمے کے نام پر 40، سال ، 50، سال ، 60 اور 70 سالوں سے قائم مارکیٹوں تک کو مسمار کیا جارہاہے، چھوٹی بڑی دکانوں اورخوانچوں کوختم کیاجارہا ہے ۔ اس طرح اہل کراچی جوپہلے ہی ریاستی مظالم اورحکومتی پالیسیوں کی وجہ سے غربت وتنگدستی اورمعاشی مشکلات کاشکار ہیں، اب تجاوزات کے خاتمے کے نام پر ان معاشی قتل کیاجارہاہے ۔ یہی نہیں بلکہ شہریوں کے برسوں سے بسے بسائے گھروں کومسمارکرکے ان کے سروں سے ان کی چھت چھینی جارہی ہے ۔جناب الطا ف حسین نے کہاکہ تجاوزات کے خاتمے کے نام پر کی جانے والی یہ اندھی اورسفاکانہ مہم اب یہ شکل اختیارکرگئی ہے کہ اب کراچی کی دیگرمارکیٹوں کے ساتھ ساتھ تاریخی اردو بازارکوبھی ختم کرنے کے لئے دکانداروں کونوٹس جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اردوبازار طلبہ وطالبات اورعلم کے متلاشی لوگوں کے لئے حصول علم کا ایک بہت بڑاذریعہ ہے جوکئی دہائیوں سے کتابوں کے ذریعے لوگوں میں علم کی دولت بانٹ رہا ہے اورعلم کے فروغ میں اہم کردار اداکررہاہے لیکن کراچی دشمنی میں اس اردو بازار کو بھی ختم کیاجارہاہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں کے عوام کا معاشی قتل اسٹیبلشمنٹ کی طے شدہ کراچی دشمن پالیسی اور منصوبہ بندی کے تحت کیا جارہاہے جس پرعمل درآمد کے لئے سپریم کورٹ کے ذریعے حکم دیاگیااوراب وفاقی حکومت ، پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ اوربلدیہ عظمیٰ کراچی سب ملکر معاشی قتل کے اس منصوبہ پر عمل پیراہیں۔ جناب الطاف حسین نے مطالبہ کیاکہ تجاوزات کے خاتمہ کے نام پر کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں میں عوام کے معاشی قتل کایہ ظالمانہ سلسلہ بند کیاجائے ۔ دریں اثناء عوام کے معاشی قتل کے اس اہم معاملے پر ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین جمعرات 10جنوری کوسوشل میڈیا کے ذریعے اہم LIVEوڈیو خطاب کریں گے ۔ یہ خطاب جمعرات کو لندن وقت سہ پہر 3بجے اور پاکستان وقت رات 8بجے ہوگا۔ جناب الطاف حسین اپنے خطاب میں کراچی میں ناجائز تجاوزات کی آڑ میں غریب مہاجروں کی دکانیں،مارکیٹیں اور مکانات مسمار کرکے ان کے معاشی قتل کے بارے میں اہم اظہار خیال کریں گے۔