دشمنوں کی تمام ترسازشوں اور ظلم و جبر کے باوجود جدوجہدجاری رکھیں گے اور منزل پر پہنچ کر دم لیں گے ۔ ڈاکٹر ندیم احسان

ایم کیوایم کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے کہا ہے کہ کارکنان ہی تحریک کی ریڑھ کی ہڈی اور قائد تحریک الطاف حسین کی اصل طاقت ہیں،انشاء اللہ دشمنوں کی تمام ترسازشوں اور ظلم وجبرکے باوجود ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنی منزل پر پہنچ کر دم لیں گے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم یوکے ایسٹ لندن یونٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر ندیم احسان نے کہا کہ جب سے ایم کیوایم وجود میں آئی ہے ، اسے ختم کرنے کی سازشیں کی جاتی رہی ہیں ، ہردورمیں اس کے خلاف ظلم وستم کے پہاڑ توڑے گئے ،مہاجر بستیوں پر حملے کرکے ہمدردوں کا قتل عام کیا گیا، ریاستی آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، گزشتہ پانچ سالوں ایک بارپھرایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن جاری ہے ، نائن زیرو پر تالہ ہے، تمام دفاتر سیل ہیں،قائد تحریک الطاف حسین کی تحریر و تقریر پر غیرقانونی و غیرآئینی پابندی ہے، قائد تحریک اور ایم کیوایم کا نام لینا جرم بنا دیا گیا ہے، مہاجروں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر اسٹیبلشمنٹ کی تشکیل کردہ پارٹی کو کراچی پر مسلط کردیا گیا ہے، ہزاروں کارکنان جیلوں میں ہیں، سینکڑوں لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام ترریاستی مظالم کے ذریعے کوشش کی جارہی ہے کہ مہاجرں کے حقوق کی اس جدوجہد کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی جدوجہد میں ہزاروں شہیدوں کا لہو شامل ہے اور جس تحریک میں شہیدوں کا لہو شامل ہو اسے ریاستی مظالم کے ذریعے ختم نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا عزم جواں ہے اور ہم تمام تر پابندیوں، رکاوٹوں، سازشوں اور مظالم کے باوجود  قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اورمہاجروں کا مقدمہ تمام عالمی فورمزپر پیش کررہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ہماری جدوجہد ایک دن کامیابی سے ضرور ہمکنار ہوگی۔ ڈاکٹر ندیم احسان نے کارکنوں پر زوردیا کہ وہ اتوار7 اکتوبرکو لندن میں قائد تحریک الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے منعقد کئے جانے والے اجتماع کو کامیاب بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پیغام پہنچائیں۔ ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کے سچے اور وفا پرست کارکنان نہ کبھی ڈرے ہیں نہ ڈریں گے اور اپنے قائد کی قیادت میں حق کی اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ایسٹ لندن یونٹ کے انچارج معین احمد نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض محمد نعیم نے انجام دیے ۔