صنوبر جمال کے انتقال سے تحریک ایک مخلص اور وفادار ساتھی سے محروم ہوگئی ، قائد تحریک الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی و قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ شعبہ خواتین کی رکن محترمہ صنوبر جمال کے انتقال سے تحریک ایک مخلص اور وفادار ساتھی سے محروم ہوگئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے ایم کیوایم پی آئی بی کالونی شعبہ خواتین کی رکن محترمہ صنوبرجمال کے شوہر محمد جمال سے ٹیلی فون پر تعزیت کرتے ہوئے کہی ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ تحریک ، مشن اور مقصد کیلئے محترمہ صنوبر جمال کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور محترمہ صنوبر جمال جیسی پرعزم ، بہادر اور باوفا ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی حق پرستانہ جدوجہد تحریک کے ہر مخلص ساتھی کیلئے مشعل راہ ہے ۔ انہوں نے محترمہ صنوبر جمال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ صنوبر جمال کے انتقال کی خبر سن کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے اور مجھے بالکل یقین نہیں آرہا ہے کہ صنوبر جمال اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔ ان کا محبت بھرا لہجہ اور خلوص بھری باتیں میرے کانوں میں گونج رہی ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے مرحومہ کے شوہر محمد جمال اور دیگر سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھی کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ میں اپنی ، رابطہ کمیٹی ، انٹرنیشنل سیکریٹریٹ، ایم کیوایم برطانیہ کے ذمہ داران و کارکنان سمیت تمام کارکنان کی جانب سے محترمہ صنوبر جمال کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور ہم سب مرحومہ کے بلند درجات اور سوگوار لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کر رہے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ صنوبر جمال کو شہادت کا درجہ عطا فرمائے، ان کی قبر کو نورسے منور فرمائے، شہید وفا ڈاکٹرحسن ظفرعارف سمیت تمام شہداء ، لاپتہ و اسیر کارکنان اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور انکی قربانیوں کے طفیل مہاجروں کی مشکلات حل کرے ، مہاجروں کی مدد کیلئے غیب سے دروازے کھولے اور مہاجروں کو فرزند زمین بنائے تاکہ شہدائے حق کی ارواح خوش ہوں۔ محترمہ صنوبر جمال کے شوہر محمد جمال نے جناب الطاف حسین سے اظہار تعزیت پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے جناب الطاف حسین کی صحت و عافیت کیلئے دعا کی۔