قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ مارٹن کوارٹرز اور اس سے متصل علاقوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے آواز اٹھائی۔ندیم احسان

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے حکومت پاکستان کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کراچی کے علاقوں مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز، جہانگیرروڈ، ایف سی ایریا اور دیگرعلاقوں کے مکینوں کوان کے گھروں سے بیدخل کرنے کے احکامات کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں کے مکینوں کو بیدخل کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے ۔اپنے بیان میں ڈاکٹر ندیم احسان نے کہا کہ مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز، جہانگیرایسٹ، جہانگیر ویسٹ،جیل کوارٹرز، آفیسرکوارٹرز اور ایف سی ایریا میںآباد مکینوں نے برسوں پاکستان کی خدمت کی۔ قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کی قیادت نے ہمیشہ مارٹن کوارٹرز اور اس سے متصل علاقوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے آواز اٹھائی ، ایم کیوایم کی کوششوں سے ہی ماضی میں وفاقی حکومت مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز اور دیگر علاقوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کرچکی ہے اور اس بات کا واضح اعلان کیا جاچکا ہے کہ ان علاقوں کے مکینوں کو انکے گھروں سے بیدخل نہیں کیا جائے گا لیکن سپریم کورٹ کے ایک حکم کی آڑ میں ان علاقوں کے مکینوں کو ان کے گھر خالی کرنے کانوٹس دیدیا گیا ہے ، اس طرح وہ ہزاروں سرکاری ملازمین جنہوں نے برسوں ملک کی خدمت کی انہیں ان مکانات کے مالکانہ حقوق دینے کے بجائے اب ان سے ان کی چھت چھینی جارہی ہے جو سرا سرظلم ہے ۔ ڈاکٹرندیم احسان نے مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز، جہانگیرایسٹ، جہانگیر ویسٹ،جیل کوارٹرز، آفیسرکوارٹرز اور ایف سی ایریا کے مکینوں سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں کے مکینوں کو بیدخل کرنے کے احکامات فی الفور واپس لئے جائیں اور انہیں ان مکانات کے مالکانہ حقوق دیے جائیں۔