قائد تحریک جناب الطاف حسین نے بکھرے ہوئے لوگوں کو قوم بنایا اور انہیں مہاجرشناخت دی ۔ ہاشم اعظم

ایم کیو ایم برطانیہ کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے کہا ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے بکھرے ہوئے لوگوں کو قوم بنایا اور انہیں مہاجر شناخت دی ۔ اے پی ایم ایس او کی بنیاد رکھتے ہی تحریک کے خلاف سازشیں شروع ہوگئیں اور ایک منصوبہ بندی کے تحت مہاجروں کا قتل عام کروایا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم برطانیہ ساؤتھ آل یونٹ کی تنظیم نو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ساؤتھ آل ، ہیزاور ویسٹ لندن سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے شرکت کی۔ہاشم اعظم نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین گزشتہ انتالیس سالوں سے مہاجروں سمیت پاکستان بھرکے مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں۔ حقوق کی اس جدوجہد میں پندرہ ہزار سے زائد کارکنان شہید ہوچکے ہیں ، ہزاروں نوجوانوں کو سرکاری ٹارچر سیلوں میں اذیتوں کا نشانہ بنایا گیا، سینکڑوں لاپتہ کردیئے گئے اور آج بھی ستر سالہ پروفیسرحسن ظفر عارف سمیت سینکڑوں کارکنان پابند سلاسل ہیں۔لہذا ایم کیو ایم برطانیہ کے کارکنان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ قائد تحریک کے پیغام کو آگے بڑھانے کے لئے اپنا بھر کردار ادا کریں۔ اجلاس سے جوائنٹ آرگنائزر سہیل زیدی اوررکن آرگنائزنگ کمیٹی راشد احمد نے بھی اپنے خیالا ت کا اظہار کیا۔ اس موقع پررکن آرگنائزنگ کمیٹی محسن سعید ،ساجد علی اور سہیل خانزادہ بھی موجود تھے۔ آخر میں ساؤتھ آل یونٹ کے نئے ذمہ دارا ن کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔