لندن میں ایم کیوایم کا 34 واں یوم تاسیس ’’یوم عزم وفا‘‘ کے طورپر منایا جائے گا، اعلامیہ ایم کیوایم

لندن میں ایم کیوایم کا 34 واں یوم تاسیس 17، مارچ 2018ء بروز ہفتہ کو ’’یوم عزم وفا‘‘ کے طورپر منایا جائے گا اس سلسلے میں لندن کے ایجو ئیر میں واقع وی آئی پی لاؤنج میں ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے بابائے مہاجرقوم اور بانی و قائد جناب الطاف حسین اہم اور فکرانگیز خطاب کریں گے ۔ ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کی تیاریاں زور و شورسے جاری ہیں جس کیلئے کارکنان میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ تقریب میں شرکت کے لئے دعوت ناموں کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ یوم تاسیس کی تقریب کو منظم ، مربوط اور کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ یوم تاسیس کی تقریب میں سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ دانشوروں، تجزیہ نگاروں، شعرائے کرام اور صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے جبکہ امریکہ ، کینیڈا، ساؤتھ افریقہ، بیلجیم، جرمنی، ناروے اوردیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران اورکارکنان بھی یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔مہمانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ہال میں مزید جگہ کا بھی انتظام کیا جارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ اجتماع میں شرکت کارڈ کے ذریعے ہوگی لہٰذا اجتماع میں شرکت کے خواہشمند وفا پرست اب بھی دعوت نامے حاصل کر سکتے ہیں کہیں ایسا نہ ہو کہ دعوت نامے حاصل نہ کرنے پر وہ یوم تاسیس کے اجتماع میں شرکت سے محروم رہ جائیں ۔ واضح رہے کہ یوم تاسیس کے سلسلے میں رابطہ کمیٹی اورایم کیوایم یوکے کی جانب سے کارکنان کے اجلاس بھی کیے جارہے ہیں ۔