لندن میں ایم کیوایم کا 34 واں یوم تاسیس ’’یوم عزم وفا‘‘ کے طورپر منایا جائے گا، اعلامیہ ایم کیوایم

لندن میں ایم کیوایم کا 34 واں یوم تاسیس 17، مارچ 2018ء بروز ہفتہ کو ’’یوم عزم وفا‘‘ کے طورپر منایاجائے گا۔ بابائے مہاجرقوم اور بانی و قائد جناب الطاف حسین یوم تاسیس پر اہم اور فکرانگیز خطاب کریں گے ۔ ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کی تیاریاں زور و شورسے جاری ہیں جس کیلئے کارکنان میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ تقریب میں شرکت کے دعوت ناموں کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ یوم تاسیس کی تقریب کو منظم ، مربوط اور کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ یوم تاسیس کی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ دانشوروں، تجزیہ نگاروں، شعرائے کرام اور صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے جبکہ امریکہ ، کینیڈا، ساؤتھ افریقہ، بیلجیم، جرمنی، ناروے اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران اورکارکنان بھی یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔یوم تاسیس کے سلسلے میں رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم یوکے کی جانب سے کارکنان کے اجلاس بھی کیے جارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس ہواجس میں اراکین رابطہ کمیٹی ، برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین اور یونٹوں کے ذمہ داران نے شرکت کی ۔اجلاس میں 17، مارچ کو لندن میں 34 ویں یوم تاسیس کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف کمیٹیوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے کہا کہ ایم کیوایم ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میں ملک بھرکے محروم و مظلوم عوام کے غصب شدہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان جس جوش وجذبے سے تیاریوں میں مصروف ہیں وہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کا اجتماع اور اس سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کا خطاب حق پرستی کی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے یوم تاسیس کی تقریب کے سلسلے میں محنت ولگن سے کام کرنے والے تمام ذمہ داران اورکارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی اجازت صرف ان کارکنان و ہمدردوں کو ہی دی جائے گی جن کے پاس دعوت نامے ہوں گے۔انہوں نے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ یوم تاسیس کی تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔اس موقع پر ایم کیوایم  یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے اجلاس کو یوم تاسیس کی تیاریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ہاشم اعظم  نے کہا کہ یوم تاسیس کے سلسلے میں ایم کیوایم یوکے کے کارکنوں میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے ، وہ نہایت محنت ولگن سے تیاریوں میں مصروف ہیں اورانشاء اللہ 17مارچ کویوم تاسیس کا اجتماع شاندار اور مثالی ہوگا۔