لندن میں ایم کیوایم کے بانی و قائد الطاف حسین کی 65ویں سالگرہ کے اجتماع میں سینکڑوں افراد کی شرکت

ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین کی 65ویں سالگرہ کے سلسلے میں اتوار کو اجتماع منعقد کیا گیا۔ اس روز کو ’’یوم تجدید وفا ‘‘ کے طور پر منایا گیا۔ اجتماع لندن کے علاقے ایجویئر میں ایم کیوایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے بالمقابل واقع وی آئی پی لاؤنج میں منعقد کیا گیا ۔اجتماع میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔اجتماع میں لندن کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ برمنگھم، مانچسٹر، بریڈفورڈ،شیفیلڈ، لوٹن، کوونٹری سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ شرکاء میں نوجوانوں اور بزرگوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ اجتماع میں شرکت کیلئے امریکہ ، کینیڈا اور بیلجئم سے بھی ذمہ داران لندن آئے تھے ۔ یوم تجدید وفا کی مناسبت سے اسٹیج پر ایک بڑی اسکرین لگائی گئی تھی جس پر انگریزی میں Youme Tajdeede Wafa کے علاوہ جناب الطاف حسین کے نام کے ساتھ Born To Win تحریر تھا۔ وی آئی پی لاؤنج کے ہال میں قائد تحریک جناب الطاف حسین کی تصاویر پر مبنی بینرز اور پینافلیکس لگائے گئے تھے جن پر جناب الطاف حسین سے محبت و عقیدت پر مبنی کلمات اور اشعار تحریر تھے ۔ہال میں ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطا ف حسین کے بڑے بھائی ناصرحسین شہید، بھتیجے عارف حسین شہید،ایم کیوایم کے شہید کنوینر شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق، شہید وفا ڈاکٹر پروفیسرحسن ظفر عارف اور بلوچ شہدا کی تصاویر بھی لگائی گئی تھیں۔ اجتماع کی کارروائی سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں براہ راست نشر کی گئی ۔ اس سلسلے میں ایم کیوایم کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا کا علیحدہ سے کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا جہاں موجود یوکے یونٹ کے کارکنان اجتماع کی کارورائی کے حوالے سے پوسٹ کررہے تھے ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی اور یوکے کے ذمہ داران اور خواتین نے ہال کے باہر اجتماع میں شرکت کیلئے آنے والوں کا خیر مقدم کیا۔ اجتماع کی نظامت کے فرائض ایم کیوایم یوکے کے جوائنٹ آرگنائزر محسن سعید، یوکے کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن سہیل خانزادہ نے انجام دیے۔ اجتماع سے ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین کے علاوہ کنوینر ڈاکٹرندیم احسان، ڈپٹی کنوینرقاسم علی رضا، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شاہد رضا، آصف قاضی،ایم کیوایم یوکے کے سینٹرل آرگنائز ہاشم اعظم اور شعبہ خواتین کی انچارج محترمہ صفیہ اکبر نے بھی خطاب کیا۔ جناب الطاف حسین ہال میں تشریف لائے تو شرکاء نے زوردار نعروں کے ذریعے ان کا استقبال کیا۔ جناب الطاف حسین خطاب کے لئے روسٹرم پر آئے تو ایم کیوایم کے مقبول تنظیمی ترانے ’’ مظلوموں کا ساتھی ہے الطاف حسین ‘‘ بجایا گیا جس نے اجتماع میں ایک بار پھر جوش وخروش پیدا کردیا۔ جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب کا آغاز قرآنی آیات کی تلاوت اور درود تنجینا سے کیا۔ جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب کے آغازمیں ایم کیوایم یوکے یوتھ کی انچارج ڈاکٹرحبا جو حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں،انہیں اوران کے دولہا کو اسٹیج پر بلا کر گلے لگا کر مبارکباد پیش کی اور انہیں دعائیں دیں۔جناب الطاف حسین کے خطاب کے دوران قیام پاکستان کے بعد مہاجروں کی ہجرت، پاکستان میں ریاستی مظالم ، گرفتاریوں اور شہادتوں، ڈاکٹرحسن ظفرعارف کی شہادت، بلوچستان میں مظالم اورمسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف کی نیب عدالت میں پیشی سے متعلق وڈیو فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ خطاب کے بعد جناب الطاف حسین کوایم کیوایم ساؤتھ افریقہ کی جانب سے تلوار کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ ڈربن یونٹ کے بچوں کی ایک وڈیوبھی دکھائی گئی جس میں انہوں نے جناب الطاف حسین کی سالگرہ کا گیت گایا اور مبارکباد دی ۔جناب الطاف حسین نے بچوں کی وڈیو دیکھ کر کہا معصوم بچوں کے دلوں میں اللہ تعالیٰ ہی محبت ڈالتاہے ،اس محبت کو طاقت سے ختم نہیں کیا جاسکتا۔جناب الطاف حسین کے خطاب کے بعد ان سے ملاقات کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ جناب الطاف حسین نے اسٹیج پر بیٹھ کر تمام کارکنوں اور تمام مہمانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی ۔ان سب نے جناب الطاف حسین کے ساتھ تصاویرکھنچوائیں۔جناب الطا ف حسین نے تمام کارکنوں، نوجوانوں اور خواتین کے سروں پر دست شفقت رکھا اور بیشتر بچوں کو گود میں لے کرپیار کیا۔ انہوں نے تمام بچوں کو تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کی۔ بزرگ خواتین نے جناب الطاف حسین کے سر پر ہاتھ پھیرا اور ان کے لئے دعا کی ۔ اس موقع پر جناب الطا ف حسین کی 65ویں سالگرہ کا کیک کاٹاگیا۔ بچوں نے کیک کاٹا اور جناب الطاف حسین کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ بچوں اور یوکے یونٹ کے تمام کارکنوں نے جناب الطاف حسین کے ساتھ گروپ فوٹوبنوائے۔اجتماع کے شرکاء کے لئے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ یوم تجدید وفا کا یہ اجتماع رات 12بجے ختم ہوا۔ اجتماع کے اختتام پر اراکین رابطہ کمیٹی ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور یوکے کے ذمہ داران اور کارکنان نے ملکرتمام سامان کوسمیٹا۔