محصورین بنگلہ دیش کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کے بجائے افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دینے کے اعلانات محصور پاکستانیوں کی قربانیوں کے ساتھ کھلا مذاق ہے ۔ ڈاکٹر ندیم احسان

ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹر ندیم احسان نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی جنہوں نے 1971ء کی جنگ میں پاکستان کو بچانے کے لئے لازوال جانی ومالی قربانیاں دیں وہ گزشتہ 47 برسوں سے بنگلہ دیش کے ریڈکراس کیمپوں میں محصور ہیں، انہیں پاکستان واپس لانے اور پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کے بجائے حکومت پاکستان افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دینے کے اعلانات کررہی ہے جو محصور پاکستانیوں کی قربانیوں کے ساتھ کھلا مذاق ہے ۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم یوکے نارتھ لندن یونٹ کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی ایک مہاجر دشمن جماعت ہے جس کی پالیسیاں شروع سے ہی مہاجروں کے خلاف رہی ہیں، عمران خان کا مہاجر دشمن کردار بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے اور اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے پی ٹی آئی کی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد بھی اس کی تمام پالیسیاں اور اقدامات مہاجروں کو کچلنے اور انہیں صفحہ ہستی سے مٹانے کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے باوجود بھی ایم کیوایم کو ختم کرنے اور مہاجروں کی آواز کو کچلنے کی پالیسیاں جاری ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ جوریاست کی بنیاد پر ہمیں ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ ڈاکٹر ندیم احسان نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنان اور تمام سچے وفاپرست تمام تر ریاستی مظالم کے باوجود آج بھی قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یوکے یونٹ کے کارکنوں سے کہا کہ وہ موجودہ حالات کے تقاضوں کومدن ظررکھتے ہوئے اپنے فرائض کو مزید بہترطریقے سے انجام دیں اور تحریک کے پیغام کو مزید لوگوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 7 اکتوبرکو لندن میں قائد تحریک الطاف حسین کی 65 ویں سالگرہ کا اجتماع ایک بار پھر دشمنوں کو بتائے گا کہ کارکنان آج بھی قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہیں۔اس موقع پرایم کیوایم یوکے کے سینٹرل آرگنائزر ہاشم اعظم نے اپنے خطاب میں کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 7 اکتوبر کے اجتماع کی تیاریوں کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پیغام پہنچائیں۔اجلاس سے ایم کیوایم نارتھ لندن یونٹ کے انچارج محمد سمیع نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض اطہر عزیز نے انجام دیے۔