مہاجروں پر ریاستی مظالم بند کئے جائیں۔ سولی ماپیلا، فرسٹ ڈپٹی جنرل سیکریٹری ساؤتھ افریقہ کمیونسٹ پارٹی

ساؤتھ افریقہ کمیونسٹ پارٹی کے فرسٹ ڈپٹی جنرل سیکریٹری سولی ماپیلا( Mr. Solly Mapaila) نے پاکستان میں مہاجروں پر ہونے والے غیرانسانی مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مہاجروں پر ریاستی مظالم بند کئے جائیں۔ انہوں نے یہ مطالبہ ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ کے تحت جوہانسبرگ میں ایم کیوایم کے 34 ویںیوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سولی ماپیلا نے کہا کہ ہم ہرطرح کے ریاستی جبر اورانسانی حقوق کے خلاف ہیں، ہم مہاجروں اور انکی نمائندہ جماعت ایم کیوایم کے ساتھ ریاست کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکی جماعت کی تمام تر ہمدردیاں اور تعاون ایم کیوایم کے ساتھ ہے اور وہ مہاجروں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہرسطح پر آواز بلندکرتے رہیں گے ۔ سولی ماپیلا نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تحریر، تقریر اور تصویر نشر و شائع کرنے پر عائد غیرآئینی اور غیرقانونی پابندی ختم کی جائے۔