مہاجروں کو دیوار سے لگانے کا عمل ملک کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا ۔ ہاشم اعظم

ایم کیو ایم برطانیہ کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے کہا ہے کہ مہاجروں کو دیوار سے لگانے کا عمل ملک کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا، ایم کیو ایم کے کارکنان کی اندھا دھند گرفتاریاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم برطانیہ ایسٹ لندن یونٹ کے تنظیم نو کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کے گھروں پر چھاپوں اور ان کی غیر قانونی گرفتاریوں کا مقصد جرائم پیشہ کمالو ٹولے کو سندھ کے شہری علاقو ں پر قابض کرانا ہے ۔ ارباب اختیار کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ طاقت کے ذریعے کارکنان کی فاداریاں تو تبدیل کروائی جاسکتی ہیں لیکن کارکنان و عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین بھائی کی محبت کو نہیں نکالا جاسکتا ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم کیو ایم برطانیہ سندھ کے شہری علاقوں میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف ہر فورم پر اپنا احتجاج ریکارڈ  کروائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے ایم کیوایم برطانیہ ایسٹ لندن یونٹ کے نئے ذمہ داران کے ناموں کا بھی اعلان کیا ۔ اجلاس سے ایم کیو ایم برطانیہ کے جوائنٹ آرگنائزر سہیل زیدی، ممبر آرگنائزنگ کمیٹی ستار خان اور آصف سعید نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر اراکین آرگنائزنگ کمیٹی محترمہ شبنم طارق اور محترمہ عروسہ نوید بھی موجود تھیں۔