میاں نوازشریف پر جوتا پھینکنے کا عمل سراسر شرپسندی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ الطاف حسین

ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف پر شرپسند عناصر کی جانب سے جوتا پھینکنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ کل مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیالکوٹ میں ایک اجتماع کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے سیاہی پھینکی گئی اور آج میاں نوازشریف پر لاہورمیں ایک تقریب کے دوران جوتا پھینکا گیا ہے ۔ یہ عمل سراسر شرپسندی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ سیاسی قائدین کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کے بجائے اس طرح کے شرپسندانہ حملے کرکے جو روایت ڈالی جارہی ہے وہ انتہائی مذموم اورخطرناک ہے ، اگراس سلسلہ کی حوصلہ شکنی اورروک تھام نہ کی گئی تو پھرکوئی بھی سیاسی رہنمااس شرپسندانہ حرکت سے محفوظ نہیں رہ سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی مخالفت سیاسی انداز میں کی جائے اوراس طرح کی مذموم حرکتوں اورسیاسی قائدین کے بارے میں گالم گلوچ اورتوہین وتحقیر اورایک دوسرے کے خلاف لوگوں کے جذبات بھڑکانے سے گریز کیاجائے ۔