پاکستان میں الیکشن کے نام پر ڈرامہ کیا جارہا ہے ،الیکشن کے نتائج پہلے سے تیارشدہ ہیں۔ ڈاکٹرندیم احسان

ایم کیوایم کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن کے نام پر ڈرامہ کیا جارہا ہے ، یہ صاف وشفاف نہیں بلکہ ایک ایسا الیکشن ہے جس کے نتائج پہلے سے تیارشدہ ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کو حکومت دلانے کیلئے نتائج اور تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم یوکے نارتھ لندن چیپٹر کے زیراہتمام ایجویئر میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں کارکنوں اور ہمدرد نوجوانوں، بزرگوں ، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن سفیان یوسف، ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم، جوائنٹ آرگنائزر سہیل خانزادہ اور چیپٹر انچارج عبدالحفیظ نے بھی خطاب کیا۔ کنوینر ڈاکٹرندیم احسان نے کہا کہ کہنے کو پاکستان میں الیکشن ہو رہا ہے لیکن ملک کی تیسر ی بڑی جماعت ایم کیوایم پر پابندی عائد ہے،ایم کیوایم کا مرکز نائن زیرو سیل ہے، قائد تحریک الطاف حسین کی تقریر اور اظہار رائے پر پابندی ہے، ہمارے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، انہیں گرفتار کر کے لاپتہ کیا جارہا ہے، ہم پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے پھر ہم ایسے الیکشن میں کس طرح حصہ لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے کہتے ہیں کہ وہ 25 جولائی کو الیکشن کا بھرپور بائیکاٹ کریں اور گھروں میں رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ریاستی جبر و ستم سے گھبرانے والے نہیں ہیں اور اپنی قوم کے حقوق کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام سے کہا کہ وہ مصیبت اور پریشانیوں میں مبتلا اپنے بھائیوں کی ہر طرح سے مدد کریں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن سفیان یوسف نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ریاستی طاقت کے ذریعے ایم کیوایم کو کچل کر اپنے تشکیل کردہ جرائم پیشہ ٹولوں کو کراچی پر مسلط کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور ان کو قانونی حیثیت دلانے کیلئے انہیں الیکشن کا ڈرامہ کررہی ہے ، ہم اس ڈرامے کو مسترد کرتے ہیں، مہاجر عوام ضمیرفروشوں کے چہرے اور کردار کو اچھی طرح جانتے ہیں اور وہ ان ڈراموں میں نہیں آئیں گے۔ یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہماری منزل نہیں، ہم مہاجروں کے غصب شدہ حقوق کا حصول چاہتے ہیں، ہم 25جولائی کو الیکشن کا بائیکاٹ کر کے قائد تحریک الطاف حسین کے فکر و فلسفہ کے مطابق اپنی منزل کی جانب بڑھیں گے۔ جوائنٹ آرگنائزر سہیل خانزادہ نے خطاب میں کہا کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ باوردی جنرل الیکشن ہے ، ہم اسے مسترد کرتے ہیں اور اس کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمدردوں سے بھی کہا کہ وہ ان الیکشن کا بائیکاٹ کر کے اپنے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ نارتھ لندن کے چیپٹر انچارج عبد الحفیظ نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنی قوم کے مفلوک الحال اور مستحق خاندانوں کی مدد کیلئے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔