کراچی میں آپریشن بند کیا جائے اورایم کیوایم کو سیاسی سرگرمیاں کرنے کی آزادی دی جائے ۔ ہاشم اعظم

ایم کیوایم ساؤتھ لندن یونٹ کے زیراہتمام میچم کے علاقے میں بونفیز چرچ میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹوٹنگ اورساؤتھ لندن کے دیگر علاقوں کے کارکنوں اورہمدردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں نوجوانوں کے ساتھ بزرگوں،خواتین اوربچوں نے بھی شرکت کی ۔ تقریب سے ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزرہاشم اعظم ، جوائنٹ آرگنائزر سہیل زیدی، یوکے کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سہیل خانزادہ ،محسن سعید، انٹرنیشنل سیکریٹریٹ شعبہ خواتین کی انچارج محترمہ صفیہ اکبر،ساؤتھ لندن کے یونٹ انچارج رضوان الدین اورکمیٹی کے ارکان ندیم شیخ اوررضا جعفری نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں یوکے کی آرگنائز نگ کمیٹی کے ارکان آصف سعید، ساجد علی اورمحترمہ شبنم طارق بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرگنائزر ہاشم اعظم اوردیگر مقررین نے کہا کہ ایم کیوایم نے محروم ومظلوم عوام کی جماعت ہے اسی لئے اس کو ریاستی آپریشن کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کا مقصد قیام امن نہیں بلکہ ایم کیوایم کوختم کرناہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ آپریشن بند کیا جائے اورایم کیوایم کوبھی دیگرجماعتوں کی طرح سیاسی سرگرمیاں کرنے کی آزادی دی جائے ۔ اس موقع پر لندن میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شمعیں بھی روشن کی گئیں۔