کراچی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے جلسہ عام کے کامیاب انعقاد پر PTM کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور ہمدرد پشتونوں کو ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی مبارکباد

ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے جلسہ عام کے کامیاب انعقاد پر PTM کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور ہمدرد پشتونوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے جلسہ عام میں مہاجروں پر ہونے والے مظالم ، ڈاکٹرحسن ظفرعارف شہید اور سیدعلی رضا عابدی شہید کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرنے پر پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت سے دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ریاستی ظلم وجبر کے خلاف مشترکہ آواز اور مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے شمالی وزیرستان کے گاؤں خیسورمیں فوجی اہلکاروں کی جانب سے حضرت خان کے گھر کی خواتین کے ساتھ بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے ۔